وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023، قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی آرڈیننس اور قومی کلین ایئر پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔
دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستانی حاجیوں کے سفر اور حج کے دوران ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ حکام سعودی عرب حکام کے تعاون سے مؤثر اور جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کریں۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کی سفارش پر نیشنل کلین ایئر پالیسی کی منظوری دی، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ قومی کلین ایئر پالیسی کی تشکیل پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی قابل ستائش ہے، اس پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے نیشنل کلین ایئر پالیسی منظوری کے لیے پیش کی گئی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ پاکستان میں گزشتہ برسوں میں فضائی آلودگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس رپورٹ 2022-23 کے مطابق کراچی اور لاہور پاکستان میں ہوا میں موجود آلودگی کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فضائی آلودگی کی وجہ سے انسانی عمر کی اوسط حد میں 2.7 سال کی کمی واقع ہوئی ہے۔
عالمی بینک کی 2016 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو فضائی آلودگی کی وجہ سے سالانہ کافی نقصان اٹھانا پڑتا ہے، حالیہ برسوں میں شہروں میں اسموگ سے حادثات اور مختلف بیماریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔