پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک ویسے تو بہترین بلے باز رہے لیکن اب وہ اداکاری کے شعبے میں بھی قسمت آزمانے کا سوچ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک نے اپنی اہلیہ اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ پروگرام کے دوران اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکاری کے سوال پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’میں ابھی ہامی بھر سکتا ہوں نہ انکار کرسکتا ہوں، لیکن اگر مستقبل میں اچھے پروجیکٹ کی پیش کش ہوئی تو اس کے بارے میں ضرور سوچوں گا، شاید میں اچھی اداکاری کرلوں‘۔
آل راؤنڈر شعیب ملک اس سے قبل ماڈلنگ بھی کرچکے ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو فلکس میں اپنی اہلیہ کے ساتھ پروگرام کی میزبانی بھی کررہے ہیں، ان کے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی بہت سے دوست ہیں۔
گزشتہ سال شعیب ملک نے ماہرہ خان کی پروڈیوس کردہ ڈرامہ سیریز ’بروان کھلاڑی‘ میں پہلی بار اداکاری کی تھی۔